بیعت شمس المشائخ خواجہ ء اسلام میں
ہر جگہ ہیر طریقت راہنما کا ساتھ ہو
20 واں عرسِ مبارک حضرت خواجہ سید اسلام الدین بخاری نظامیؒ
خانقاہِ نظامیہ اسلامیہ کراچی میں عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد
کراچی: خانقاہِ نظامیہ اسلامیہ کراچی میں حضرت خواجہ سید اسلام الدین بخاری نظامیؒ کا 20 واں سالانہ عرسِ مبارک نہایت عقیدت، احترام اور روحانی ماحول میں منعقد ہوا۔ عرس کی تقریبات میں علماء کرام، مشائخ عظام، حفاظ، نعت خواں حضرات، مریدین، عقیدت مندوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا، جبکہ حضرت خواجہ سید اسلام الدین بخاری نظامیؒ کی دینی، روحانی، اصلاحی اور دعوتی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ حضرت خواجہ سید اسلام الدین بخاری نظامیؒ نے اپنی پوری زندگی دینِ اسلام کی اشاعت، اصلاحِ معاشرہ، محبتِ رسول ﷺ اور خدمتِ خلق کے فروغ کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ آپ کی تعلیمات آج بھی سالکینِ راہِ طریقت اور عوام الناس کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
محفل میں ذکر و اذکار، منقبت خوانی اور اجتماعی دعا کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں ملک و ملت کی سلامتی، استحکامِ پاکستان، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور عالمِ اسلام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
منتظمین کے مطابق عرس کی تمام تقریبات انتہائی منظم انداز میں مکمل ہوئیں اور شرکاء نے حضرت خواجہ سید اسلام الدین بخاری نظامیؒ کی روحانی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی تعلیماتِ محبت، اخوت، رواداری اور خدمتِ انسانیت کو عام کرنے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔

0 Comments